تازہ ترین
لوڈ ہو رہا ہے۔۔۔۔
Friday, 7 July 2017

جاپانی لوک کہانی

July 07, 2017
بسلسلہ لوک داستان
دفع لوک داستاں نافذ ہوئی تو پہلے خیال آیا، ایسے کٹھن حالات میں سرپٹ بھاگنا ہی مناسب رہے گا، جیسا کہ ہنگامی حالات میں ہوتا آیا ہے۔ عام عوام تو ایسی کٹھن گھڑیوں میں کمزور ہی پائی جاتی ہے۔ اب ایسا موضوع جس سے ہم مکمل نا بلد ہوں، اُس میں ہم اور کر بھی کیا سکتے ہیں، پس اس عرصہ کو چھپ کر گزارنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن اندر کا کی بورڈ ٹک ٹک کرنے کو اچھلتا رہا۔
جھٹ سے کچھ گوگل سرچ کی، تو وہی روایتی، لیلی مجنوں، سسی پنوں، ہیر رانجھا، جس کی ان گنت کتابیں اور فلمیں دستیاب ہیں۔ اس سے زیادہ ہمارے پاس "جنرل نالج" اور "ان جنرل نالج" نہ تھا۔
بہر حال کچھ لکھن تو تھا سو بالآخر ایک جاپانی لوک کہانی کا ترجمہ آپکی خدمت میں پیش ہے۔
آج سے صدیوں پہلے کا ذکر ہے جاپان میں کسی جگہ لومڑی ، بندر اور خرگوش اکھٹے رہتے تھے۔ ان کے آپس میں بہت گہری دوستی تھی، اگران میں سے کسی ایک کو کھانے کو کچھ نہ ملتا تو باقی دو اس کے لیے انتظام کرتے۔ اس طرح انکی زندگی اچھی کٹ رہی تھی۔
ایک دن چاند پر رہنے والے بوڑھے نے زمین پر دیکھا اور ان تینوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ کہنے لگا کتنے اچھے ہوتے ہیں وہ لوگ جو آپس میں پیار اور محبت سے زندگی گزارتے ہیں۔یہ تینوں بہت گہرے دوست ہیں لیکن دیکھا جائے ان میں سے زیادہ رحمدل کون ہے؟ ان کا امتحان لینا چاہیے۔
یہ سوچ کر وہ فقیر کا بھیس بدل کر اس جگہ پہنچا۔ اور ان سے مخاطب ہوا۔
"میں تین دن سے بھوکا ہوں"۔ اللہ کیلیے مجھے کچھ کھانے کو دو۔
تینوں بولے آپ یہاں بیٹھیں ہم آپ کےلیے کچھ کھانے کو لاتے ہیں۔
کچھ دیر بعد بندر کہیں سے ڈھیر سے پھل توڑ لایا اور لومڑی دریا سے مچھلی پکڑ لائی۔ لیکن خرگوش بیچارے سے کچھ نہ بن پڑا۔
وہ بندر سے بولا بھیا میرے لیے بہت سی لکڑیاں اکھٹی کر دو۔
بندر لکڑیا ں لے آیا۔
پھر وہ لومڑی سے بولا اس میں آگ لگا دو۔
اس نے فورا آگ لگا دی۔
اور روتے ہوئے فقیر سے بولا۔ میں بہت شرمندہ ہوں۔ میں آپ کیلیے کچھ نہ کر سکا۔ اس لیے میں آپ کیلیے اپنے آپکو پیش کرتا ہوں۔ جب میں اچھی طرح پک جاوں تو آپ کھا لینا۔ یہ کہہ کر وہ آگ کی طرف دوڑا۔ لیکن چاند کے بوڑھے نے اسے پکڑ لیا۔ اور ان تینوں سے بولا۔
دوستو میں تمہارا امتحان لینے آیا تھا۔ مجھے خوشی ہوئی کے تم تینوں اس امتجان میں کامیاب ہوئے۔ لیکن تم میں سب سے زیادہ مہربان خرگوش نکلا۔ اس لیے میں اسے اپنے ساتھ لیکر جا رہا ہوں۔
یہ کہہ کر چاند کا بوڑھا اسے اپنے ساتھ لے گیا۔ آج بھی آپ چاند کو دیکھیں تو اس میں آپکو ایک خرگوش نظر آئے گا جسے صدیوں پہلے بوڑھا لے گیا تھا۔
اوہ نہیں نہیں، داستاں ختم ہو گئ ہے۔
آپ تو چاند میں خرگوش دیکھنے چل دیے۔


#عمیرعلی

0 تبصرے:

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


Contact Form

Name

Email *

Message *

Pages

Powered by Blogger.
 
فوٹر کھولیں